Urdu

اوآئی سی نے حملے کی مذمت کی

سیناء میں مسلح جنگجوؤں کا پولیس قافلے پر تباہ کن حملہ

عکاظ اردو جدہ

مصر کے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں مسلح جنگجوؤں نے پولیس کے ایک قافلے بموں سے تباہ کن حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس بریگیڈئیر سمیت اٹھارہ اہلکا ر ہلاک ہوگئے ہیں۔ اسلامی تعاون ممالک کی تنظیم نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔

پولیس اور سکیورٹی حکام کے مطابق جنگجوؤں نے صوبہ شمالی سیناء کے دارالحکومت العریش سے تیس کلومیٹر مغرب میں واقع علاقے میں یہ حملہ کیا ہے۔انھوں نے پہلے سڑک کے کنارے بم نصب کر کے پولیس کے قافلے میں شامل گاڑیوں کو نشانہ بنایا اور پولیس کی تین بکتربند گاڑیوں کو دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی ۔ بم دھماکوں میں پولیس کےقافلے میں شامل ایک چوتھی گاڑی بھی تباہ ہوگئی ہے۔اس پر سگنل جام کرنے والے آلات نصب تھے۔مسلح افراد نے بعد میں مشین گنوں سے پولیس کی گاڑیوں پر فائرنگ کردی اور پھر پولیس کے ایک پک اپ ٹرک کو لے اڑے۔

اسرائیل اور غزہ کی پٹی کے ساتھ واقع سرحدی صوبے شمالی سیناء میں مختلف جنگجو گروپ سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں۔ان میں سب سے نمایاں داعش سے وابستہ جنگجو گروپ صوبہ سیناء یا انصار بیت المقدس ہے۔مصری فوج اس علاقے میں مختلف کارروائیوں کے باوجود شورش پسندی پر قابو پانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔