Urdu

تعلیم کی اہمیت

اداریہ

عکاظ اردو جدہ

انسانی زندگی کے سدھار اور بگاڑ میں تعلیم اور تعلیمی پس منظر کا بڑا دخل ہوتاہے ، تعلیم ہی انسان کو انسان بناتی ہے اور زیور تہذیب و تمدن سےآراستہ کرتی ہے ۔ جو قومیں تعلیم میں پیچھے رہ جاتی ہیں وہ اقوام عالم میں اپنا مقام نہیں بنا سکتیں۔ ایک زمانہ تھا کہ مسلم اور عرب علما نے سائنس اور طب کے میدانوں میں وہ کارہاے نمایاں انجام دئیے جسےآج بھی مغربی دنیا اپنی کوششوں کے باوجود فراموش نہیں کرسکی۔ ابن سینا کی طبی تصنیف ‘‘قانون ’’ جسے انگریزی میں کینن لکھا جاتا ہے،آج بھی میڈیکل لائبریریوں کی ریفرنس سیکشن میں شامل ہوتی ہے اسی طرح بیسیوں مثالیں ہیں کہ ہمارے اجداد نے علم وحکمت سے سرخروئی پائی اور ہماری نسل تن آسانی کا شکار واٹساپ اور دیگر ذرایع ابلاغ کوعلم کے حصول کا ذریعے سمجھنے لگی گوگل کو بطور حوالہ بیان کیا جانے لگا کتابوں سے دوری نے نسل کو زیور تعلیم سے دور اور نظریاتی طور پر برہنہ کردیا ۔ اب جس کو جو جی چاہے ہم سے باور کرواے۔ دہشت گردی اور امت میں انتشار بھی تعلیم کے فقدان کا نتیجہ ہے جب ہمارے جوان فکری سرمایہ سے خالی ہوں گے تو گمراہ کن افکار کی یلغار نئی نسل کے ذہنوں کی آماجگاہ بن سکتی ہے ۔ اس کے نتیجے میں جو کچھ ہو رہا ہے چشم عالم سے پوشیدہ نہیں ۔

خدانے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا۔