خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے فیصلے کے بعد قطری عازمین ِ حج کا پہلا قافلہ گذرگاہ سلویٰ کے ذریعے سعودی عرب میں داخل ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق 120 قطری عازمین جمعرات کو شاہ سلمان کے مہمان کی حیثیت سے برّی راستے سے سعودی عرب پہنچے۔

قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالر حمان آل ثانی نے سعودی عرب کے عازمین ِحج کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان زمینی سرحدیں کھولنے کے فیصلے کا خير مقدم کیا۔

شاہ سلمان کے حکم کے بعد قطری عازمین حج کے مملکت میں داخلے اور انھیں حج کے لیے ہر ممکن سہولت مہیا کرنے کی غرض سے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے،آ یندہ دنوں میں زمینی راستے سے آنے والے قطری عازمین حج کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حج کے خواہاں قطریوں کو دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی گذرگاہ سے سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت کا فرمان جاری کیا تھا۔سعودی پریس ایجنسی کی اطلاع کے مطابق یہ فیصلہ قطر کے حکمراں خاندان کی ایک شخصیت شیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن جاسم آل ثانی کی کوششوں کے نتیجے میں کیا گیا تھا۔

برّی راستے سے آنے والے قطری عازمین کو الدمام کے شاہ فہد بین الاقوامی ہوائی اڈے اور الاحساء کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پروازوں کے ذریعے جدہ یا مدینہ منورہ منتقل کیا جائے گا ۔ قطری عازمین کے تمام اخراجات شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے پروگرام برائے حج وعمرہ کے تحت پورے کئے جائیں گے۔

شاہ سلمان نے سعودی ائیر لائنز کی خصوصی پروازیں دوحہ بھیجنے کا حکم دیا ہے تاکہ وہاں سے قطری عازمین کو براہ راست جدہ لے جایا جائے ۔ ان تمام کے سفری اخراجات بھی شاہ سلمان برداشت کریں گے۔