-A +A
عکاظ اردو جدہ
مکہ ریجن کے ترقیاتی ادارے نے جمرات زون میں ماحول کو ٹھنڈا رکھنے کے لئے ایک نیا منصوبہ شروع کیا ہے۔ جمرات کے علاقے میں حاجی شیطان کو کنکریاں مارتے ہیں جہاں بھیڑ کی وجہ سے درجہ حرارت بہت زیادہ ہو جاتا ہے۔ نئے منصوبے کا پہلا مرحلہ جمرات میں مکمل کیا گیا ہے جس کے تحت پورے علاقے کی فضا میں پانی کی نرم پھوار کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے جو بھیڑ میں درجہ حرارت کنڑول کرنے میں مدد دیتی ہے۔

پانی کی پھوار برسانے والے کالمز جمرات کے مغربی حصے سمیت جمرات سے منی واپسی کے روٹ پر نصب کئے گئے ہیں۔


ماحول دوست کالمز لگانے کا حکم مکہ کے گورنر اور مرکزی حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ خالد الفیصل کی خصوصی ہدایت پر لگائے جا رہے ہیں۔

پھوار پینل منصوبہ مکہ ریجن کے ترقیاتی ادارے کی زیر نگرانی کام کرتا ہے۔ منصوبہ دس ہزار میٹر کی حدود میں کام کر رہا ہے جہاں 750 پھوار پینل درجہ حرارت کم کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ ان دنوں مکہ میں درجہ حرارت 42 ڈگری بتایا جاتا ہے۔ پراجیکٹ کو دو مقامات سے پانی کی بلاتعطل سپلائی کا انتظام کیا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت پھوار پینلز سے فی گھنٹہ 235 مکعب میٹر پانی سپرے کیا جاتا ہے۔ سپرے کالمز حج کے دنوں میں منی اور جمرات کے علاقے میں مسلسل کام کریں گے۔