خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے مقامات مقدسہ تک پہنچنے کی کوشش کی اور حرمت والے مقامات کے تقدس کا بھی خیال نہیں کیا.. تاہم سعودی عرب نے اپنے برادر اور دوست ممالک کے تعاون سے پورے عزم کے ساتھ دہشت گردی کی بیخ کنی اور اس کے سُوتے خشک کرنے میں بڑی کامیابیوں کو یقینی بنایا۔ قصرِ منی کے شاہی دفتر میں اپنے خطاب کے دوران شاہ سلمان نے باور کرایا کہ مملکت عالمِ اسلام کے دل کی حیثیت رکھتی ہے اور دنیا بھر میں مسلمانوں کی امیدوں اور ان کے درد کا شعور رکھتی ہے، اسی واسطے وہ عالم اسلام میں صفوں کی یک جہتی اور تعاون کے لیے اور پوری دنیا میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے واسطے کوشاں رہتی ہے۔