-A +A
عکاظ اردو جدہ
سعودی عرب کے مفتی اعظم الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کرنے اور دہشت گردی کی سازشیں ناکام بنائے جانے کی تعریف کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد کسی نرمی اور ہمدردی کے مستحق نہیں۔ دہشت گردی کی سازشوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے والے سیکیورٹی حکام کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

سعودی ٹیلی ویژن ’ون‘ کے پروگرام ’فتاویٰ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے الشیخ آل الشیخ نے کہا کہ اسٹیٹ سیکیورٹی پریزی ڈینسی کے حکام نے بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والے جاسوسوں اور دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرکے ملک کو بڑے نقصان سے بچایا ہے۔ وہ سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی قربانیوں اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔


پروگرام میں بات کرتے ہوئے سعودی عالم دین اور مفتی اعظم نے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی اداروں کو اللہ جزائے خیر دے۔ انہوں نے ملک وقوم کے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ملک میں دہشت گردی اور جاسوسی جیسے جرائم میں ملوث دہشت گردوں کا پتا چلانے کے بعد ان کی سازشوں کو ناکام بنایا۔ وزارت دفاع کے ہیڈ کواٹر پر ’داعش‘ کے حملے کی سازش ناکام بناتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملائے ہیں۔ دہشت گردوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں گولہ بارود قبضے میں ملے کر ملک کو تباہی سے بچایا ہے۔ پوری قوم کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ان کامیابیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں سعودی مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور گمراہی کا راستہ ترک کر کے راہ راست پرآنے والوں کے لیے دروازے کھلے ہیں مگر ہمارے عقاید اور ملک کے خلاف سرگرم عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ہمارے قومی راز ہمارے دشمنوں کو دینے والے قوم کے دشمن ہیں اور وہ سنگین جرم کے مرتکب ہیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کے سیکیورٹی اداروں نے جاسوسی میں ملوث ایک سیل پکڑنے کے ساتھ ساتھ وزارت دفاع کے ہیڈ کواٹر پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے داعشی جنگجوؤں کی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سعودی سیکیورٹی فورسز نے داعش سے وابستہ مقامی اور غیرملکی دہشت گردوں کو حراست میں لیا ہے جن کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور بارودی جیکٹیں بھی برامد کی گئی ہیں۔