-A +A
عکاظ اردو جدہ
مصر میں سعودی عرب کے سفیر اور عرب لیگ میں مملکت کے مستقل مندوب احمد قطان نے ’العربیہ‘ نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر کا یہ دعویٰ قطعا بے بنیاد ہے کہ سعودی عرب اس کے خلاف سازش کررہا ہے۔ قطر جیسے معمولی حجم کے ملک کے خلاف سعودی عرب کی سازش کیسے ہوسکتی ہے۔ ریاض دوحہ کے لیے کبھی بھی خطرہ نہیں بنا ہے۔ دونوں ملکوں کی تاریخ اور جغرافیائی اہمیت میں واضح فرق ہے۔

ایک سوال کے جواب میں احمد قطان نے کہا کہ قطر چاہے تو سعودی عرب کے ساتھ کشیدگی ختم کرسکتا ہے۔ مغربی ملکوں کی نسبت ریاض قطر کے لیے زیادہ قریب ہے۔ نیز امیر قطر کے پاس سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے فون نمبر بھی موجود ہیں۔ وہ جب چاہیں ان سے رابطہ کرلیں۔ خیال رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے پانچ جولائی کو قطر کے ساتھ تعلقات یہ کہہ کر توڑ لیے تھے کہ دوحہ پڑوسی ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت، دہشت گردوں کی پشت پناہی اورخطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔ بائیکاٹ کرنے والے ممالک نے دوحہ کو تیرہ نکاتی مطالبات پیش کیے گئے تاہم قطر نے تمام مطالبات مسترد کردیے ہیں۔